• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مجھے بچالو دی دی، یہ مجھے بہت مار رہے ہیں‘، بھارتی خاتون کا موت سے 7 منٹ قبل بہن کو میسج

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی دارالحکومت دہلی سے ایک اور نوجوان خاتون کی پراسرار موت کا افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 28 سالہ وینا کماری کی پراسرار موت نے اس کے خاندان کو غمگین کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وینا کے شوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 3 منزلہ عمارت کی چھت سے گر گئی جبکہ لڑکی کے اہلِ خانہ نے جہیز کے لیے بہیمانہ تشدد اور قتل کا الزام لگایا ہے۔

وینا کے اہلِ خانہ کے مطابق 18 مئی کی رات 10 بجے وینا نے اپنی بہن رینا کو فون کر کے روتے ہوئے کہا تھا مجھے بچالو دی دی، یہ مجھے بہت مار رہے ہیں، میں نہیں بچوں گی۔

وینا نے آخری کال میں اپنے 6 ماہ کے بچے کی ذمے داری بھی بہن کو سونپنے کی بات کی تھی، چند لمحوں بعد کال منقطع ہو گئی، رینا نے بار بار فون کیا مگر کسی نے جواب نہ دیا اور صرف 7 منٹ بعد وینا کے دیور کا فون آیا کہ بھابھی چھت سے گر گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وینا کی شادی 3 سال قبل راجو سنگھ سے ہوئی تھی۔

رینا کے بھائی کے مطابق اس کی بہن کے سسرال والے جہیز سے خوش نہیں تھے اور اکثر طعنے دیتے اور تشدد کرتے تھے، الزام ہے کہ وینا پر رائل انفیلڈ بُلٹ موٹر سائیکل لانے کا دباؤ بھی ڈالا جا رہا تھا، بھائی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں تشدد کے باعث وینا کے کان کا پردہ بھی پھٹ چکا تھا۔

دوسری جانب مقتولہ کے سسر جے پال نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے کبھی جہیز کا مطالبہ کیا ہی نہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون کے گرنے کی اطلاع پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پولیس نے جہیز کے باعث موت کا مقدمہ درج کر کے شوہر راجو سنگھ اور دیور راج کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید