پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 20 میچز مکمل ہوگئے ہیں۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں، ہر ٹیم نے اپنے 5، 5 میچز کھیل لیے ہیں۔ جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کافی حد تک واضح ہوگئی ہے۔
پی ایس ایل 11 میں ابتدائی 14 میچز لاہور میں کھیلے گئے جبکہ آج کل مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہیں، 20واں میچ کراچی کنگز اور حیدر آباد کنگز مین کےد رمیان کھیلا گیا ہے۔
حیدر آباد کنگز مین نے کراچی کنگز کے خلاف میچ 4 وکٹ سے جیت لیا اور ایونٹ میں بلآخر فتح کا مزہ چکھ لیا، اس کی ایونٹ میں شکست کی تعداد 4 ہے ، یہی وجہ ہے وہ پوائنٹس ٹیبل پر 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہے اور اس سے نیچے اپنے تمام میچز میں ہار کا منہ دیکھنے والی راولپنڈیز کی ٹیم ہے۔
حیدر آباد کنگز مین کو ابتدائی 4 میچز میں لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم پشاور زلمی، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈیز نے مات دی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے اور پانچویں نمبر پر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ہیں، ان کے پوائنٹس کی تعداد 4، 4 ہے، دونوں ٹیموں نے 2، 2 میچز جیتے ہیں جبکہ انہیں 3 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پی ایس ایل 11 کی اب تک کی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر کراچی کنگز کی ٹیم ہے، جس نے 3 میچز جیتے ہیں جبکہ دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہے ۔
پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس ہیں، اس نے 3 میچز میں فتح سمیٹی جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بارش سے متاثر ہوا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ملتان سلطانز کی ٹیم ہے، جس نے 4 میچز جیتے ہیں جبکہ ایک مقابلے میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اس کے پوائنٹس کی تعداد 8 ہے۔
ایونٹ کی درجہ بندی میں پشاور زلمی کی ٹیم تاحال ناقابل شکست ہے، اس نے 5 میں سے 4 میچز جیتے ہیں جبکہ ایک مقابلہ بارش کی نذر ہوا ہے، یوں اس کے پوائنٹس کی تعداد 9 ہے۔