• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوگنڈا کے آرمی چیف نے شادی کیلئے ترکیہ سے خوبصورت ترین خاتون کا مطالبہ کردیا

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا 

افریقی ملک یوگنڈا کے صدر یوویری موسیونی کے بیٹے اور فوج کے سربراہ جنرل مہوزی کائنرو گابا نے ترکیہ سے 1 ارب ڈالر اور شادی کے لیے ’خوبصورت ترین خاتون‘ کا غیر معمولی مطالبہ کردیا۔ 

آرمی چیف یوگنڈا نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو یوگنڈا 30 دن کے اندر ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ پیغامات میں یوگنڈا کے فوجی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ  ترکیہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے بھاری منافع کما رہا ہے، جب کہ ان منصوبوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھاری ذمہ داری کئی سالوں سے یوگنڈا اٹھا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا نے تقریباً دو دہائیوں سے افریقی یونین مشن کے تحت القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند گروپ ’الشباب‘ کے خلاف کارروائیوں کے لیے صومالیہ میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

جنرل مہوزی کا کہنا تھا کہ خطے میں سیکیورٹی کی فراہمی پر یوگنڈا کی کوششوں کا اعتراف نہیں کیا گیا اور ترکیہ کی جانب سے مالی معاوضہ ادا کیا جانا بنتا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک عجیب و غریب مطالبہ کیا ہے کہ ترکیہ انہیں ایک خوبصورت خاتون کا رشتہ دے جسے وہ اپنی دلہن بنا سکیں۔

انہوں نے اپنے پیغامات میں یوگنڈا کے شہریوں کو ترکی کے سفر سے گریز کرنے کا مشورہ  بھی دیا۔

خیال رہے کہ جنرل مہوزی کائنرو گابا یوگنڈا پیپلز ڈیفنس فورس کے سربراہ ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنے بے باک اور اکثر متنازع بیانات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ 

ان کے بیانات میں ہیٹی میں مداخلت کی پیشکش اور امریکہ سے بھاری مالی مطالبات جیسے دعوے بھی شامل رہے ہیں۔

اس سے قبل یوگنڈا کے آرمی چیف نے گزشتہ ماہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کو ختم کرنے یا شکست دینے کی کسی بھی بات پر جنگ میں اسرائیل کے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید