• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کم عمر کرکٹر ویبھو سوریا ونشی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی کرکٹ کے ابھرتے نوجوان کھلاڑی ویبھو سوریا ونشی جلد ہی سینئر ٹیم میں ڈیبیو کر سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 15 سالہ بیٹر ویبھو سوریا ونشی کو آئر لینڈ کے دورے کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نوجوان ٹیلنٹ کو آزمانا چاہتی ہے اسی لیے آئر لینڈ ٹور میں زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے، ویبھو سوریا کو بعد میں زمبابوے کے دورے کے لیے بھی زیرِ غور رکھا گیا ہے۔

ویبھو سوریا ونشی نے آئی پی ایل 2026ء میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کی تھی۔

ویبھو سوریا نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف 26 گیندوں پر 78 رنز، چنئی سپر کنگز کے خلاف 17 گیندوں پر 52 رنز اور ممبئی انڈینز کے خلاف 14 گیندوں پر 39 رنز بنائے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کھلاڑی عرفان پٹھان اور انیل کمبلے سمیت کئی سینئر کرکٹرز کا ماننا ہے کہ ویبھو اب قومی ٹیم کے لیے تیار ہیں، آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے بھی ویبھو سوریا کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت کے کم عمر ترین ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بننے کے حق دار ہیں۔

واضح رہے کہ فی الحال مینز کرکٹ ٹیم میں یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 16 سال اور 205 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ مجموعی طور پر شفیلی ورما سب سے کم عمر بھارتی کھلاڑی ہیں۔

آئر لینڈ سیریز کے بعد بھارت انگلینڈ کا دورہ کرے گا جہاں 1 جولائی سے 5 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

اس سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی متوقع ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید