فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان اہم مقابلے سے قبل ارجنٹینا کے خلاف عوامی ردِعمل میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے مطالبے پر مبنی ایک آن لائن درخواست پر 7.5 ملین سے زائد افراد دستخط کر چکے ہیں۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فیفا اور میچ ریفری ارجنٹینا اور اس کے کپتان لیونل میسی کے حق میں جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر فاتح پہلے ہی سے طے شدہ ہو تو دیگر ٹیموں کے لیے منصفانہ مقابلے کا موقع نہیں رہتا۔
رپورٹ کے مطابق آج صبح تک اس درخواست پر 7.5 ملین سے زیادہ افراد دستخط کر چکے تھے۔
دوسری جانب انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان سیمی فائنل کو فٹبال کی تاریخ کا ایک اور اہم باب قرار دیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان ماضی کے مقابلے کئی یادگار اور متنازع واقعات سے بھرپور رہے ہیں جبکہ جزائر فاک لینڈ (مالویناس) کے تنازع نے بھی اس رقابت کو مزید شدت دی ہے۔
یہ مقابلہ 1986ء کے ورلڈ کپ میں ڈیاگو میراڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کے 40 سال بعد ہو رہا ہے جس کی بدولت ارجنٹینا نے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی تھی۔
گولڈن بوٹ کی دوڑ میں لیونل میسی کے مدِمقابل انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا ہے کہ میری ٹیم اس مقابلے سے جڑی جذباتی تاریخ سے متاثر نہیں ہو گی۔
ان کے مطابق ارجنٹینا ایک مضبوط، منظم اور تجربہ کار ٹیم ہے جو کھیل کی رفتار کو کنٹرول کرنا باخوبی جانتی ہے۔