وزیر داخلہ نے کوسٹ گارڈز کو کراچی سے عراق تک فیری سروس چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء نے ساحلی علاقوں کی حفاظت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر کیا۔
وزیر داخلہ نے کوسٹ گارڈز کو کراچی سے عراق تک فیری سروس چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا فیری سروس چلنے سے زائرین کو عراق جانے میں بہت سہولت ملے گی۔
ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوسٹ گارڈ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
وزیر داخلہ نے کوسٹ گارڈز کے ہیڈکوارٹر میں یادگار شہداء پر بھی حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس سے قبل انھیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران 14000 کلو منشیات ضبط کی گئی۔ ضبط کی گئی منشیات کی مالیت 8 ارب روپےسےزائد ہے۔
وزیر داخلہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ تربیت اور آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انھوں نے کراچی سے عراق تک فیری چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فیری چلنے سے زائرین کو عراق جانے میں بہت سہولت ملے گی۔
محسن نقوی نے انسداد منشیات و انسداد اسمگلنگ کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اسمگلنگ مافیا کی سرکوبی کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کوسٹ گارڈز زمین اور سمندر میں بیک وقت اپنے فرائض سر انجام دینے والی فورس ہے۔