بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے پاور آف اٹارنی پر دستخط کے معاملے پر ان کے وکیل خالد یوسف 5 گھنٹے بعد اڈیالا جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اڈیالا جیل حکام نے پاور آف اٹارنی پر دستخط نہیں کرا کر دیے، 190ملین پاؤنڈ کیس میں اپیلوں پر سماعت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنی ہے۔
خالد یوسف نے کہا ہے کہ جیل حکام نے نام نوٹ کر کے انتظار کرنے کا کہا اور طویل انتظار کے بعد جیل حکام نے کوئی جواب دیا نہ دستخط کرائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل سے متعلق پٹیشن دائر کرنے کے لیے وکالت ناموں پر دستخط نہیں کرائے گئے، 5 مرتبہ آ کر جیل حکام سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کے لیے رجوع کیا، سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے پاور آف اٹارنی پر بانی کے دستخط ضروری ہیں۔
خالد یوسف کا کہنا ہے کہ بانی کے کیسز میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے معاملے میں راستے بند کیے جا رہے ہیں، پاور آف اٹارنی ہوگا تو کسی اپیلیٹ فورم پر کسی فیصلے کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔