صوابی(نمائندہ جنگ)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اورچین کے مابین معاہدہ ہو چکا ہے جس کے مطابق اضلاع پشاور ، نوشہرہ ، چارسدہ ، مردان اور صوابی تک انٹر نل ریلوے ٹریک بنایا جائیگا جس سے صوبے میں ترقی کی نئی راہیں کھل جائے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے قائد اعظم سکول اینڈ کالج زیدہ صوابی میں 69ویں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کے دوران کیا جس سے منیجنگ ڈائریکٹر حاجی مطلوب احمد خان اور ڈائریکٹر عبدالوحید خان نے بھی خطاب کیا سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آج اس وقت دنیا میں پاکستان تاریخ کی ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اس سے قبل اتنا مشکل دور کبھی پاکستان پر نہیں آیا تھا قوم کافی انقلابات دیکھ چکی ہے ہمارے صوبے میں دہشت گردی کی وجہ سے پہلی بار لوگ بے گھر ہو چکے تھے ہمارا دشمن چھپا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا کا محور اور سیاست کا مرکز پاکستان ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اگر چہ ہمارا مطالبہ سخت ہے قوموں پر ہمیشہ امتحانات آکر حالات کا مقابلہ کر تی ہے ان امتحانات اور آزمائش میں قومیں ختم ہونے کی بجائے آگے چلی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے دہشت گردی ایک عالمی جنگ کا چیلنج ہے جس کا مقابلہ کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ اس کے نتیجے میں پاکستان ایک با وقار ملک اور امن کے حوالے سے پُر امن ملک بن جائیگا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں نہ صرف ہمارا صوبہ خیبر پختونخوا بلکہ پورا پاکستان ایک پُر امن ملک بن کر رہے گا انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے جو منصوبہ چل رہا ہے اس سے صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کو مستفید کر وانے کے لئے صوبائی حکومت کی وفاق کے ساتھ جنگ جاری ہے چونکہ ہمارا صوبہ دہشت گردی کی وجہ سے روزگار ، کاروبار کے حوالے سے کافی متاثر ہو چکاہے اس لئے سی پیک کے منصوبے میں فاٹا اور پختونخوا کو مستفید کرانا ہو گا تاکہ یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہو سکے اور تجارت کو فروغ ملے ۔