• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا دور، ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار

ایران نے امریکا سے دوسرے دور کے مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔

ایرانی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے بڑا دعویٰ کیا ہے کہ تہران نے واشنگٹن سے اسلام آباد میں دوسرے دور کے مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔

ایران نے امریکا سے مذاکرات سے متعلق اپنی رضا مندی کی تردید کی اور اس کی بڑی وجہ واشنگٹن کے بےجا مطالبات کو قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کی تردید کی جو امریکا کے مطابق کل منعقد ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ واشنگٹن کے حد سے زیادہ مطالبات، غیر حقیقت پسندانہ توقعات، موقف میں بار بار تبدیلی، تضادات اور جاری بحری ناکہ بندی قابل تنقید اور جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے نے رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات سے متعلق خبریں درست نہیں، یہ امریکی میڈیا کا پروپیگنڈا ہیں، اس حکمت عملی کا مقصد ایران پر دباؤ ڈالنا ہے۔

دوسری طرف ایران کے اول نائب صدر رضا محمد عارف نے کہا کہ ایران امریکا سے تبھی مذاکرات کرے گا جب دشمن ایران پر دوبارہ حملہ نہ کرنے کا وعدہ کرے اور ایران کے بین الاقوامی حقوق تسلیم کرے۔

رضا محمد عارف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد ایران کے دشمن اب مذاکرات کے لیے ایران سے بھیک مانگ رہے ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ میرے نمائندے اسلام آباد جارہے ہیں، وہ کل شام مذاکرات کےلیے موجود ہوں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے کل آبنائے ہرمز میں گولیاں چلانے کا فیصلہ کیا جو سیزفائر کی خلاف ورزی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید