ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مختلف مرکزی و ذیلی شاہراہوں پر آمد و رفت محدود کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیاں روزانہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مؤثر رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق ٹانک روڈ، طارق شہید سے بھگووال روڈ سمیت متعدد لنک روڈز مکمل طور پر بند رہیں گے۔
اسی طرح کلاچی، ہتھالہ روڈ اور کوٹ اٹل سے گرہ عبداللّٰہ تک ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہے گی۔
مزید برآں ٹکواڑہ، ہتھالہ، پوٹہ، بڈھ، کنوڑی، گرہ محبت اور چہکان کے درمیان بھی ٹریفک بند رہے گی جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کو پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہو گا جبکہ دیگر ضروری نقل و حرکت صرف پیشگی اجازت سے ممکن ہو گی۔