• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کی وزارتِ خزانہ پر سائبر حملہ، ہیکرز 25 لاکھ ڈالرز لے اُڑے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سری لنکا کی وزارتِ خزانہ کے کمپیوٹر سسٹم پر ہونے والے بڑے سائبر حملے میں ہیکرز نے 25 لاکھ ڈالرز چرا لیے، جسے ملک کی کسی سرکاری ادارے سے ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی چوری قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق یہ رقم آسٹریلیا کو قرض کی ادائیگی کے لیے مختص تھی، جو ہیکنگ کے نتیجے میں غائب ہو گئی۔

 وزارتِ خزانہ کے سیکریٹری نے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد پبلک ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے 4 اعلیٰ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حکام کو وزارت کے ای میل سرور میں دراندازی کی کوشش کا علم ہوا، جس کے بعد تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ آسٹریلیا کو ادا کرنے کے لیے رکھی گئی 25 لاکھ ڈالرز کی رقم غائب ہو چکی ہے، معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور سری لنکن حکام نے غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد طلب کر لی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سری لنکا 2022ء کے شدید معاشی بحران کے بعد بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے، جب کولمبو نے اپنے 46 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضوں پر ڈیفالٹ کیا تھا۔ 

بعد ازاں ملک کو آئی ایم ایف کی جانب سے 2.9 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری ملی، جس کے تحت رواں سال قرضوں کے بہتر انتظام کے لیے پی ڈی ایم او قائم کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سری لنکا میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر میتھیو ڈک ورتھ نے بھی ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی حکام تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں اور سری لنکا کی مالی بحالی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید