• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ نے ونود کھنہ کے بالی ووڈ چھوڑ کر آشرم میں پناہ لینے کی وجہ بتا دی

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

معروف اداکار وِنود کھنہ نے 1982ء میں اپنے کیریئر کے عروج پر فلمی صنعت چھوڑ کر روحانیت کا راستہ اختیار کیا اور امریکا کے شہر اوریگون میں اوشو کے آشرم میں پناہ لے لی، ان کے اس فیصلے نے ناصرف مداحوں بلکہ فلمی دنیا کو بھی حیرت میں ڈال دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ونود کھنہ نے ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ میں دنیاوی زندگی چھوڑ کر باطنی سکون اور مراقبے کی طرف جانا چاہتا ہوں۔

ایک انٹرویو میں اُنہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں ذہنی بے چینی، غصے اور مسلسل منفی خیالات کے بوجھ سے تنگ آ چکا ہوں اور مجھے اب محسوس ہوا ہے کہ مکمل طور پر مراقبے کے لیے خود کو وقف کرنا ضروری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ونود کھنہ کی اہلیہ کویتا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ ونود کھنہ کی روحانیت کی طرف رغبت بہت پہلے سے تھی، وہ کم عمری میں ہی روحانی کتابیں پڑھنے کے شوقین تھے اور جب بھی مذہبی لیکچرز ہوتے تو شوٹنگ چھوڑ کر وہاں پہنچ جاتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب خاندان میں کئی اموات کے بعد وہ مزید گہرے روحانی سفر کی طرف مائل ہوئے۔

کویتا نے انکشاف کیا کہ ونود کھنہ آشرم میں رہتے ہوئے بھی فلموں کی شوٹنگ جاری رکھتے تھے اور انتہائی سادہ زندگی گزارتے تھے، ان کا کمرہ نہایت چھوٹا تھا اور وہ آشرم میں باغبانی بھی کرتے تھے۔

اداکار کے بیٹے اکشے کھنہ نے بتایا ہے کہ بچپن میں، میں اپنے والد کے اس فیصلے کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میں نے اس فیصلے کو ذاتی اور روحانی انتخاب کے طور پر قبول کیا۔

واضح رہے کہ ونود کھنہ 5 سال کے وقفے کے بعد 1987ء میں فلمی دنیا میں واپس آئے تھے اور دوبارہ کامیاب فلموں کا حصہ بنے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید