برطانیہ میں خراب موسم، گرج چمک اور بارش کے باعث لندن کے مصروف ترین ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر آنے اور جانے والی سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید گرمی کے بعد ہفتے کے روز ہونے والی بارش اور خراب موسمی حالات نے فضائی آپریشن کو بری طرح متاثر کیا، جس کے نتیجے میں ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر 900 سے زائد آمد و روانگی کی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جبکہ ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کے ڈپارچر بورڈ پر یورپی ممالک کے لیے متعدد پروازیں منسوخ دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ کئی دیگر پروازوں کے اوقات میں بھی نمایاں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
برطانیہ کی ایئر ٹریفک کنٹرول سروس نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث پروازوں میں تاخیر کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہ سکتا ہے۔
ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس کی انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔