• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج کا کومبنگ آپریشن جاری لاہور ،قصور سے مزید 86افراد گرفتار

لاہور (نمائندہ جنگ)  لاہور سمیت قصور گنڈا سنگھ بارڈر پر14اگست کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات پرسیکیورٹی اداروں،آرمی،رینجرز اور پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی کو مبنگ آپریشن کیا گیا۔ قصور اور واہگہ بارڈر زکے گردونواح میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا اوررات گئے تک 3مبینہ دہشتگردوں سمیت 86مزیدمشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈرز کو جانے والے راستوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیےگے جبکہ رینجرز کی جانب سے بھی اضافی جوانوں کو تعینات کیاگیا۔واہگہ اور گنڈا سنگھ جانے والے شہریوں کو 3مختلف قسم کی سکیورٹی کلیئرنس کے بعد آگے جانے کی اجازت دی گئی جبکہ ان کی گاڑیاں کو پیچھے ہی کھڑا کر دیا گیا اور سیکیورٹی پاسز کے علاوہ کسی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی،جس سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد پرچم اتارنے کی تقریب دیکھنے سے محروم رہ گئی جبکہ تقریب کے اختتام پر بھی شہریوں کو ایک ترتیب سے نکالا گیا تاکہ دہشت گردی کا خطرہ نہ رہ سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے دروغے والا ، باٹا پور، جلو، سلامت پورہ ،شاہدرہسمیت دیگر علاقوں میں گز شتہ روز بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شاہدرہ کے علاقہ برکت ٹائون اور ملحقہ علاقوں میں دوسرے روز بھی پاک فوج کی زیر نگرانی کومبنگ آ پر یشن کیا گیا جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی سمیت حساس اداروں نے بھی حصہ لیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی جبکہ سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بائیومیٹرک کے ذریعے لوگوں کے شناختی کوائف بھی چیک کیے گئے ۔حساس اداروں اور پولیس نے واہگہ میں سرچ آپریشن کے دورا ن3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کےا نکے قبضے سے اسلحہ اورممنوعہ لٹریچربرآمدکرلیا ۔
تازہ ترین