کراچی میں شدید گرمی کے باعث آج پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 3 روز میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ بدھ کو درجۂ حرارت 36 اور جمعرات کو 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، آج سے 3 مئی تک سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔
جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی اور سانگھڑ میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیش گوئی ہے، خیر پور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ گرمی کی لہر کے باعث عوام بالخصوص بچے، خواتین اور بزرگ احتیاط کریں، شہری دن کے اوقات میں سورج کی براہِ راست تپش سے بچیں، پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، کاشت کار گندم کی فصل کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، جانوروں کو بھی گرم موسم سے محفوظ رکھنے کے اقدامات ضروری ہیں۔