دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے تنازع کے اہم فریقوں سے رابطہ رکھا ہوا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ایران کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران کی جانب سے وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ ہوا ہے، وزیرِ اعظم سے یورپی کونسل کے صدر کی بھی بات ہوئی، جس میں مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے صدر نے بھی وزیرِ اعظم پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں افغانستان سے 26 اور 29 اپریل کو بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی گئی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، گھروں کو نقصان پہنچا۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس علاقے میں سرحد پار فائرنگ و گولہ باری کے واقعات ہو چکے ہیں۔