• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمیر رانا کی کم عمری میں والد اور دادا کے کردار نبھانے پر لب کشائی

عمیر رانا — فائل فوٹو
عمیر رانا — فائل فوٹو

منفی کرداروں کی شاندار عکاسی کرنے والے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف و ورسٹائل اداکار عمیر رانا نے کم عمری میں والد اور دادا جیسے کردار نبھانے سے متعلق اپنے تجربات بیان کردیے۔

عمیر رانا نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے بطور اداکار اور ہدایتکار کیا۔

ان کے نمایاں ڈراموں میں پیار کے صدقے، عشق مرشد، زن مرید، دل نہ امید تو نہیں، اور سنگِ ماہ شامل ہیں۔

انہوں نے ڈرامہ سیریل پیار کے صدقے اور عشق مرشد میں معروف اداکار بلال عباس خان کے والد کا کردار ادا کیا، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔

حال ہی میں عمیر رانا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی اور ساتھ ہی کم عمری میں والد اور دادا جیسے کردار نبھانے سے متعلق اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار نجی ہوٹل میں میری ملاقات ایک مداح سے ہوئی، اس نے مجھ سے پوچھا کہ میں نے بلال عباس خان کے والد کا کردار کیسے قبول کر لیا، کیونکہ اس کے مطابق میں زیادہ سے زیادہ بلال کا بڑا بھائی لگ سکتا تھا، میں اس بات پر لاجواب رہ گیا۔

عمیر رانا نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح ایک ڈرامے میں، جس کا میں نام نہیں لینا چاہوں گا، میں لیلیٰ واسطی کے شوہر کا کردار ادا کر رہا تھا اور ہماری ایک بالغ بیٹی بھی تھی، ایک سین میں وہ پریشانی کے عالم میں بیٹی کو اسپتال لے جا رہی ہوتی ہیں اور میں دفتر سے واپس آ رہا ہوتا ہوں، جب میں نے پوچھا کیا ہوا، تو انہوں نے بتایا کہ میں جلد نانا بننے والا ہوں۔ 

انہوں نے بتایا کہ میں یہ سن کر زور سے ہنس پڑا، اس سین میں میری ہنسی حقیقی تھی کیونکہ میں واقعی اس صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ میں نانا کا کردار ادا کر رہا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید