بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دریا نرمدا میں برگی ڈیم کے قریب سیاحتی کشتی الٹنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ 9 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آج صبح 24 افراد کو بچایا ہے جن میں سے 17 کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے میں دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان سے ماں اور اس کے 4 سالہ بیٹے کی موت ہوگئی، دونوں کی لاشیں اس حالت میں ملی ہیں کہ ماں نے بچے کو سینے سے لگایا ہوا ہے، بچے کا والد اور بہن محفوظ ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک تیز طوفان اور خراب موسم کے باعث کشتی بے قابو ہو کر پانی سے بھرنے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ڈوب گئی۔
ایک متاثرہ شخص سید ریاض حسین نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ تقریباً 2 گھنٹے تک پانی میں پھنسے رہے اور بمشکل سانس لے پا رہے تھے، ریسکیو اہلکاروں نے اِنہیں بچایا تاہم ان کے اہل خانہ اب بھی لاپتہ ہیں۔