وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بیانیے اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی۔ بھارتی لڑاکا طیارے کاغذوں کی طرح زمین پر گرے۔
وزارت اطلاعات کے تحت کتاب کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتیں مظالم کا شکار ہیں، بھارتی ہندوتوا پالیسیاں خطے کی ترقی کی سب سے بڑی دشمن ہیں، جس کے اقدامات نے خطے کے امن کو داؤ پر لگایا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پر جنگیں مسلط کی گئیں، بھارت فتنہ الہندوستان اور فتنہ خوارج جیسی تنظیموں کی سرپرستی کر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ رچا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، پہلگام واقعے پر پاکستان نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بھارت نے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں پرحملے کیے۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ کوئی طاقت پاکستان کے عوام اور اس کی مسلح افواج کے درمیان نہیں آسکتی، قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہی، پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔