• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے امریکی میڈیا کی خبر کو خواہشات کی فہرست کہہ دیا

ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے امریکی میڈیا کی خبر کو امریکی خواہشات کی فہرست کہہ دیا۔

تہران سے جاری بیان میں ابراہیم رضائی نے کہا کہ امریکی نیوز ویب سائٹ کی خبر حقیقت سے زیادہ امریکی خواہشات کی فہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو اس جنگ میں کچھ حاصل نہیں ہوگا، امریکی ہار رہے ہیں، وہ براہ راست مذاکرات میں کچھ حاصل نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوز نے رپورٹ کیا کہ امریکا کو اگلے 48 گھنٹوں میں ایران سے چند اہم نکات پر حتمی جواب کا انتظار ہے۔

رپورٹ میں امریکی حکام اور وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع  سے بتایا گیا کہ  امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باقاعدہ خاتمے اور ایٹمی مذاکرات کے نئے فریم ورک پر اتفاق کے لیے ایک صفحے کی مفاہمتی یادداشت تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فریقین اس وقت معاہدے کے اتنے قریب ہیں جتنا جنگ کے آغاز سے اب تک کبھی نہیں رہے تھے، اگرچہ ابھی کسی دستاویز پر دستخط نہیں ہوئے، لیکن صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف ایرانی حکام سے براہِ راست اور ثالثوں کے ذریعے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ایگزیوز کے مطابق مجوزہ معاہدے میں جنگ کا خاتمہ، 30 دن کی مہلت تاکہ ایٹمی پروگرام پر تفصیلی بحث ہوسکے، آبنائے ہرمز سے اس دوران ایرانی پابندیاں اور امریکی محاصرہ ختم کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے مبینہ طور پر اعلیٰ افزودہ یورینیم ملک سے باہر منتقلی پر آمادگی ظاہر کی ہے، ایک تجویز ہے کہ یہ مواد امریکا منتقل کیا جاسکتا ہے،یہی چیز تہران کی سابقہ پالیسی میں بڑی تبدیلی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس کے بدلے میں امریکا ایران کے منجمد اربوں ڈالر ریلیز کرے گا اور پابندیوں میں بتدریج نرمی لائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید