معروف پاکستانی فلم ساز سید نور کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنا تباہی تھا۔
سید نور نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی فلم’تیرے باجرے دی راکھی‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بارے میں بھی بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنا تباہی تھا، حالانکہ فلم بڑی محنت سے بنائی تھی لیکن لوگ اسے دیکھنے نہیں آئے۔
فلم ساز نے مزید کہا کہ لوگوں کا یہ نظریہ ہو گا کہ جنت مرزا تو ہمیں ٹک ٹاک پر بھی دیکھنے کو مل جاتی ہیں تو انہیں دیکھنے سنیما جا کر کیا کریں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے جو فلمیں ہوتی تھیں ان کے اپنے شائقین ہوتے تھے، لوگ باقاعدہ انتظار کیا کرتے تھے کہ فلاں کی فلم آئے گی تو جا کر دیکھیں گے، لیکن اب ایسی بات نہیں رہی کہ لوگ کسی اداکار کی فلم کا انتظار کریں۔