ریو ڈی جنیرو (جنگ نیوز)ریو اولمپکس ٹینس ایونٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں اینڈی مرے نے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔خواتین ڈبلز کا گولڈمیڈل روس کے نام رہا۔تفصیلات کے مطابق ریو اولمپکس ٹینس ایونٹ میں مینز سنگلز کے فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے نے ارجنٹائن کےیوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو 3-1سے ہرا کر گولڈ میڈل جیتا۔جس کے بعد مرے اولمپک مقابلوں میں مسلسل دوسری بار گولڈ میڈل جیتنے والے ٹینس کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔اینڈی مرے نے پہلی بار 2012 لندن اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا ۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں جاپان کے کائی نیشیکوری نےا سپین کے رافیل نڈال کو 2-1 سے ہرا کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔جولائی میں دوسری بار ومبلڈن گرینڈ سلم جیتنے کے بعد سے یہ مرے کی مسلسل 18 ویں فتح بھی ہے۔ برطانوی کھلاڑی کو فائنل سے پہلے ہی ٹائٹل کے لیے مضبوط دعویدار تسلیم کیا جارہا تھا ۔ تاہم ماہرین دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ اور 14 بار کے گرینڈ سلم چیمپئن رافیل نڈال کو شکست دے کر ریو سے باہر کرنے والے پوٹرو کی فتح کے امکانات کو بھی یکسر مسترد کرنے کو تیار نہیں تھے ۔ لیکن برطانیہ کو دوسرا اولمپک گولڈ دلانے کی ٹھان كر کورٹ پر اترنے والے تجربہ کار مرے نے حریف کھلاڑی کے کمزور بیک ہینڈ کا جواب آپ گراؤنڈ اسٹروک سے دیا اور دوسرا سیٹ گنوانے کے بعد پھر مضبوطی سے واپسی کی۔دریں اثنا ریو اولمپکس، روس کی کیترینا مکاروا اور ایلینا ویسنینا نے ویمنز ڈبلز ٹینس ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ فائنل میں روس کی کیترینا مکاروا اور ایلینا ویسنینا نے سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز اور تائما بیکسنزکی کوا سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، روسی جوڑی کی فتح کاا سکور 6-4 اور 6-4 رہا۔