جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں سپر اسٹار سے سیاست دان بننے والے معروف سابق تامل اداکار جوزف وجے ریاست کے نئے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔
وجے نے اتوار کے روز چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں تامل ناڈو کے 13ویں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
جوزف وجے نے فروری 2024 میں اپنی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام (ٹی وی کے) قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا، ان کی 27 ماہ کی نوخیر جماعت نے اپنے پہلے ہی الیکشن میں بلاک بسٹر کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ریاستی انتخابات میں وجے کی ’ٹی وی کے‘ پارٹی 108 نشستیں حاصل کرتے ہوئے واحد بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔ 234 کے ایوان میں اکثریت کے لیے انہیں 118 نشستیں درکار تھیں جو کہ انہیں حلیف جماعتوں کی مدد سے حاصل ہوگئیں جس کے بعد آج وہ سیاست میں باقاعدہ طور پر شامل ہونے کے 27 ماہ بعد ہی وزیراعلیٰ بننے میں کامیاب ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے تین اہم فیصلے کیے جن میں گھریلو صارفین کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی، خواتین کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی فورس اور ہیلپ لائن اور منشیات کے خلاف ایک مربوط نظام شامل ہے۔
اپنے خطاب میں وجے نے کہا کہ اب اقتدار میں آنے کے بعد کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ وہ من مانی کرے گا۔ انہوں نے شفاف حکمرانی کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت عوام کے پیسے کی لوٹ مار نہیں کرے گی اور نہ ہی جھوٹے وعدے کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت حقیقی سیکولرازم اور سماجی انصاف پر قائم ہوگی اور وہ ہندو، مسلمان اور عیسائی سب کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے خود کو عوام کا بیٹا اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ غربت اور مشکلات سے گزر کر اس مقام تک پہنچے ہیں، یہ ایک نیا آغاز ہے اور سماجی انصاف کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔