• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات میں ایم فل، ایم ایس و پی ایچ ڈی داخلوں کیلئے جی آر ای/ہیٹ ٹیسٹ لازمی قرار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری اور نجی جامعات میں ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کے لیے نئی پالیسی نافذ کرتے ہوئے جی آر ای/ہیٹ جنرل اور متعلقہ سبجیکٹ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا، نئی پالیسی کا اطلاق فال 2026ء کے داخلوں سے ہو گا۔

ایچ ای سی کے کوآرڈینیشن ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیول 7 (ایم ایس/ایم فل یا مساوی) اور لیول 8 (پی ایچ ڈی یا مساوی) پروگراموں میں داخلے صرف ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) کے تحت منعقد ہونے والے جی آر ای/ہیٹ جنرل اور متعلقہ سبجیکٹ ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے اس فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے جبکہ فال 2026ء سے صرف انہی امیدواروں کے داخلے زیرِ غور آئیں گے جنہوں نے ایچ ای سی ای ٹی سی کا مقررہ ٹیسٹ پاس کیا ہو گا۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ جامعات اب ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی داخلوں کے لیے اپنے علیحدہ یا داخلی ٹیسٹ منعقد نہیں کر سکیں گی جبکہ یونیورسٹیوں کے تیار کردہ ٹیسٹ بھی جی آر ای/ہیٹ کے متبادل تصور نہیں ہوں گے۔

نئی پالیسی کے تحت گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023ء کی بعض شقیں فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں، ان میں وہ شق بھی شامل ہے جس کے تحت جامعات کو 50 فیصد پاسنگ اسکور کے ساتھ اپنا داخلہ ٹیسٹ لینے کی اجازت تھی۔

اسی طرح یونیورسٹی سطح پر تیار کردہ جی آر ای/ہیٹ مساوی ٹیسٹ جس کے لیے 60 فیصد پاسنگ اسکور مقرر تھا، کی شق بھی واپس لے لی گئی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق نئے نظام کا مقصد ملک بھر میں گریجویٹ داخلوں کے معیار، شفافیت، یکسانیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔

تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے داخلوں میں شفافیت بڑھے گی تاہم جامعات کی خودمختاری اور ان کے داخلی امتحانی نظام پر سوالات بھی اٹھ سکتے ہیں۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ ’کمپیٹنٹ اتھارٹی‘ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید