گجرات (نمائندہ جنگ) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد اور وال چاکنگ کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن ہوگا، امن و امان برقراررکھنے اورشہریوں کے جان و مال کو تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی کامیابی علما ء کرام اور ممبران امن کمیٹی کا بھرپور تعاون نہایت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، ڈی ایس پی سٹی محمد عرفان، سید ضیااللہ شاہ، چوہدری منظور احمد، پروفیسر سرفراز حسین جعفری، قاری عطا الرحمان،عثمان افضل قادری، سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں خادم سلیمی، مستری جلال، سمیرا ملک نے بھی اظہار خیال کیا۔