• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی ٹیکساس میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا جوش عروج پر، ڈیلس کاؤبائز اور ڈینیئل ایل ہنٹ آفیشل ہوسٹ سٹی سپورٹرز مقرر

—تصاویر بشکریہ رپورٹر
—تصاویر بشکریہ رپورٹر

شمالی ٹیکساس میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں نارتھ ٹیکساس فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے امریکی فٹبال کی معروف ٹیم ’ڈیلس کاؤبائز‘ اور ممتاز اسپورٹس و کاروباری شخصیت ڈینیئل ایل ہنٹ کو باضابطہ طور پر ’آفیشل ڈیلس ورلڈ کپ ہوسٹ سٹی سپورٹرز‘ میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

اس اعلان کے بعد ناصرف کھیلوں کے حلقوں بلکہ شمالی ٹیکساس کے عوام میں بھی زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جبکہ فٹبال شائقین اسے ڈیلس کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دے رہے ہیں۔

ڈیلس کاؤبائز اور ڈینیئل ایل ہنٹ کی شمولیت سے ان اداروں اور نمایاں شخصیات کی فہرست مزید وسیع ہو گئی ہے جو فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوران ڈیلس کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق یہ شراکت داری ناصرف کھیلوں کے فروغ بلکہ کمیونٹی انگیجمنٹ، ثقافتی سرگرمیوں اور خطے کی عالمی شناخت کے لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے۔

نارتھ ٹیکساس فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کی صدر مونیکا پال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈیلس کاؤبائز اور ڈینیئل ایل ہنٹ جیسے عالمی شہرت یافتہ ناموں کی شمولیت پورے خطے کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات اور ادارے کھیل کے میدان سے باہر بھی کمیونٹی خدمات اور سماجی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور ان کی شرکت ورلڈ کپ کی سرگرمیوں کو نئی توانائی فراہم کرے گی۔

مونیکا پال کا کہنا ہے کہ ڈیلس میں اس موسمِ گرما کے دوران منعقد ہونے والے فیفا فین فیسٹیول، مختلف تقریبات اور فٹبال سے متعلق سرگرمیوں میں ان اداروں کا کردار نمایاں ہو گا، جس میں دنیا بھر سے آنے والے شائقین شمالی ٹیکساس کی مہمان نوازی، ثقافت اور کھیلوں کے لیے ان کے بھرپور جذبوں کا بھی مشاہدہ کریں گے۔

ڈیلس کاؤبائز کے چیف آپریٹنگ افسر اسٹیفن جونز نے کہا ہے کہ نارتھ ٹیکساس فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے جس انداز میں کمیونٹی کو متحد کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے، ان کے بقول یہ عالمی ایونٹ ناصرف خطے کو بین الاقوامی توجہ دلائے گا بلکہ آنے والے برسوں تک ایک مثبت یادیں بھی چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہوسٹ سٹی سپورٹر‘ کے طور پر شامل ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ اس ایونٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ایف سی ڈیلس سے وابستہ ڈینیئل ایل ہنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فٹبال نصف صدی سے ان کے خاندان اور شمالی ٹیکساس کی شناخت کا حصہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء نئی نسل کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہو گا، جس کے ذریعے شمالی ٹیکساس دنیا بھر میں اپنی شناخت مزید مستحکم کرے گا۔

اس ضمن میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوران ڈیلس 16 میزبان شہروں میں شامل ہو گا، جہاں 9 میچز منعقد کیے جائیں گے جن میں ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے، اس کے علاوہ آرلنگٹن کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم، کی بیلی ہچیسن کنونشن سینٹر، فیئر پارک میں فیفا فین فیسٹیول اور دیگر مقامات پر مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈیلس اور شمالی ٹیکساس میں مقیم اسپورٹس شائقین کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء یہاں ناصرف کھیلوں کا ایک بڑا عالمی ایونٹ ہو گا بلکہ اس سے مقامی معیشت، سیاحت، کاروبار اور کمیونٹی سرگرمیوں کو بھی غیرمعمولی فروغ حاصل ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید