بنگلا دیش سے پہلا ٹیسٹ ہارنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم تازہ دم ہونے کے لیے سلہٹ میں شاپنگ کرنے پہنچ گئی۔
پاکستان ٹیم دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے سلہٹ میں موجود ہے جہاں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی شاپنگ کے لیے مقامی شاپنگ سینٹر گئے۔
کھلاڑیوں نے اس موقع پر ایک اسٹور سے روایتی اشیاء خریدیں، کھلاڑیوں نے فیملی اور قریبی عزیز و اقارب کے لیے تحائف بھی خریدے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے روایتی ساڑھیوں کی بھی خریداری کی۔
کھلاڑیوں نے فریش ہونے کے لیے آؤٹنگ کے طور پر شاپنگ کی، شاپنگ سینٹر جانے والوں میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، حسن علی، سلمان علی آغا، عماد بٹ، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، ازان اویس اور بولنگ کوچ عمر گل شامل تھے۔
کھلاڑیوں کے لیے شاپنگ سینٹر میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
اس موقع پر شہریوں نے کھلاڑیوں کے آٹو گراف لیے اور تصاویر بھی بنوائیں۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے سلہٹ میں شروع ہو گا، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔