کراچی میں سی ویو روڈ پر تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی کار سے ٹکرا گئی، 2 دن پہلے پیش آئے اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 نوجوان زخمی ہوئے، حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
دو روز قبل سی ویو مین روڈ پر خیابان بخاری کے قرہب تیز رفتاری سے آنے والی ڈبل کیبن گاڑی نے ایک کار کو ٹکر ماردی، سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار سڑک پر دور جا گری۔
حادثے میں کار میں سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دو نوجوان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد ڈبل کیبن گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تاہم ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ مختلف سی سی ٹی وی ویڈیوز میں ملزم کی گاڑی کو مختلف سڑکوں سے گزرتے اور فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس حکام نے واقعے کا مقدمہ تھانہ درخشاں میں درج کرلیا ہے جبکہ شواہد کی مدد سے فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔