انتہا پسند اسرائیلی وزیر بن گویر کے صمود فلوٹیلا پر سوار انسانی حقوق کے کارکنان کے ساتھ تضحیک آمیز سلوک کو اٹلی، فرانس، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور اسپین سمیت متعدد ممالک نے ناقابلِ قبول قرار دے دیا۔
نیدرلینڈز کے وزیرِاعظم روب جیٹن نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ فلوٹیلا کارکنان کے ساتھ اسرائیلی سلوک غیر انسانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل تمام حدود سے تجاوز کر چکا ہے، نیدرلینڈز میں موجود اسرائیلی سفیر کو طلب کر رہے ہیں، جب کہ اس معاملے پر اسرائیلی صدر سے بھی رابطہ کیا ہے، توقع ہے کہ اسرائیل فلوٹیلا کارکنان کو جلد از جلد رہا کرے گا۔
دوسری جانب فرانسیسی قومی اسمبلی کی نائب اسپیکر کلیمینس گویٹی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اسرائیلی وزیر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کئی سوال اُٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ بن گویر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں وہ غزہ کے لیے امداد لے جانے والےانسانی حقوق کے کارکنان کی تضحیک اور ان پر ہوتا تشدد دیکھ کر فخر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ دنیا دیکھے کہ یہ لوگ کون ہیں؟ اور یہ کس حد تک جا سکتے ہیں؟ کیا دنیا اب بھی ایسے رویوں کو برداشت کرتی رہے گی؟
اس حوالے سے اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی میں پوسٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیر بن گویر کے دہشت گرد حملے کے اصل ذمے دار نیتن یاہو ہیں، جنہوں نے ایک سزا یافتہ شخص کو حکومت میں شامل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ایسے شخص کے ساتھ شراکت دار بنے، جو مکمل طور پر ذمے داری سے عاری ہے، وہ بھی اس کے ذمے دار ہیں۔
کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں فلوٹیلا کے کارکنان کے ساتھ کیے گئے نفرت انگیز سلوک کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے کینیڈین شہریوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ کریں گے، بن گویر کے متعدد بار تشدد پر اکسانے کے واقعات پر سخت پابندیاں پہلے ہی عائد کر چکے ہیں، شہریوں کے تحفظ اور انسانی وقار کا احترام ہر جگہ اور ہر وقت برقرار رہنا چاہیے۔
علاوہ ازیں پولینڈ نے بھی اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کر کے فلوٹیلا کارکنان سے بد سلوکی پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کولمبیئن صدر گستاؤ پیٹرو نے بھی اسرائیلی وزیر بن گویر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کےخاتمے کا مطالبہ کرنے والوں سے اسرائیلی وزیر بن گویر نازیوں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔