انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہسپانوی پولیس پر عام ہڑتال میں طاقت کے بےجا استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ ہفتے کی عام ہڑتال کے موقع پر پولیس نے مظاہرین اور صحافیوں کے خلاف بے جا طاقت کا استعمال کیا۔
عالمی تنظیم کے مطابق میڈرڈ اور بارسلونا سمیت 6 بڑے شہروں میں پولیس نے بغیر کسی پیشگی انتباہ کے لاٹھی چارج، آنسو گیس، مرچوں والے اسپرے اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کارروائی میں 36 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کو اسپتال میں داخل کروانا پڑا۔
اس واقعے کے بعد ہسپانوی وزارتِ داخلہ نے مرچوں والے اسپرے کا استعمال محدود کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ میڈرڈ پولیس نے اہلکاروں کے اقدامات کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
عالمی تنظیم کی رپورٹ 24 متاثرین اور عینی شاہدین کے انٹرویوز پر مبنی ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پولیس کے ضابطہ کار کا گہرائی سے جائزہ لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔