اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ امداد لے جانے کی کوشش کرنے والے فلوٹیلا قافلے کے ارکان کو اسرائیل بدر کردیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق فرانس نے قافلے میں شامل 37 فرانسیسی شہریوں کی اسرائیل بدری کے بعد ترکیے بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔ یہ شہری غزہ جانے والے امدادی بحری بیڑے فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کے گروپ کا حصہ تھے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ جمعرات کو ایک سینئر اسرائیلی سفارت کار کو طلب کیا تاکہ اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پر پیرس کے غصے کا اظہار کیا جا سکے۔
اس ویڈیو میں مذکورہ وزیر کو حراست میں لیے گئے غزہ فلوٹیلا کے کارکنوں کا تمسخر اڑاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اطالوی وزیر خارجہ کی جانب سے اسرائیلی وزیر پر پابندیاں عائد کرنے کے حالیہ مطالبے پر فی الحال بات کرنا قبل از وقت ہے۔