• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 سزا یافتہ قیدیوں کی اپیلوں کے تمام مقدمات نمٹا دیے گئے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 5 سزا یافتہ قیدیوں کی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے تمام مقدمات نمٹا دیے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت ایڈووکیٹ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب احمد رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سزا یافتہ قیدی عبدالحکیم، محسن علی اور اللّٰہ دتہ جیل سے رہا ہو چکے ہیں، سزا یافتہ قیدی شاہد خان بھی جیل سے رہائی پا چکے ہیں جبکہ جاوید اقبال انتقال کر چکے ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل ذوالفقار احمد کو طلب کیا، جو بعد ازاں عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ آیا ان مقدمات سے متعلق کسی کی ضمانت قبل از گرفتاری یا ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست زیرِ التواء ہے یا نہیں۔

 اس پر ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے عدالت کو بتایا کہ ایسی کوئی درخواست زیرِ التواء نہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل آج آخری ورکنگ ڈے پر ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کو کیس فکسیشن پالیسی سے متعلق وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

عدالت کے مطابق دریافت کیا گیا کہ ضمانت قبل از گرفتاری یا بعد از گرفتاری کی اپیلیں زیرِ سماعت ہیں یا نہیں، جس کے جواب میں بتایا گیا کہ نہ تو ایسی کوئی اپیل زیرِ التواء ہے اور نہ ہی اسلام آباد رجسٹری میں اس نوعیت کی کوئی درخواست موجود ہے۔

بعد ازاں تمام تفصیلات سننے کے بعد سپریم کورٹ نے متعلقہ مقدمات نمٹا دیے۔

قومی خبریں سے مزید