• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیٹ ویو الرٹ جاری: سندھ میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان، بچوں، خواتین، بزرگوں کو احتیاط کی ہدایت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا کل سے مزید طاقت ور ہونے کا امکان ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتِ حال برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کاشت کاروں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کا مشورہ دیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو سمیت مختلف اضلاع میں درجۂ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، میر پور خاص اور جامشورو میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی طلب اور کھپت میں اضافے کا بھی امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کو درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں پیر اور منگل کو جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔

قومی خبریں سے مزید