مصری فٹبال ٹیم کے کوچ حسام حسن نے عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی فلسطینی عوام کے نام کر دی۔
مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فتح حاصل کی۔
واضح رہے کہ مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر بھی مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا۔
میچ کے بعد حسام حسن نے گفتگو کے دوران کہا کہ میں یہ فتح مصری اور فلسطینی عوام کے نام کرتا ہوں، اللّٰہ فلسطینیوں کو کامیابی دے اور شہداء پر رحم فرمائے۔
فتح کے بعد وہ میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم بھی لے کر آئے۔
غزہ میں بھی لوگوں نے تباہ شدہ عمارتوں اور خیموں کے درمیان بڑی اسکرینوں پر میچ دیکھا اور مصر کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں شائقین کو جشن مناتے اور بچوں کو چہروں پر مصر کے پرچم بنائے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ مصر اب عالمی کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا یا کیپ ورڈی کے مدِ مقابل ہو گا۔