وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کو امن کے پاسدار کے طور پر دیکھا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللّٰہ تعالیٰ اس مقدس دن کے موقع پر پاکستان اور پورے عالم اسلام پر رحمت فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کی جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا خصوصاً ہمارا خطہ متاثر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اور اقتصادی طور پر بھی مشکلات ہیں، عام آدمی کو مہنگائی کا سامنا ہے، حکومت ایسا بجٹ لائے گی جس میں مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف ملے۔
رانا ثنا نے کہا کہ جنگ کے حالات اور کشیدگی میں پاکستانی قیادت نے تدبر سے سفارتی طور پر دنیا میں مقام پیدا کیا، دنیا پاکستان کو ایسی ایٹمی قوت کے طور پر دیکھ رہی ہے جس سے مسلم امہ کو تحفظ کا احساس ہے۔