بالی ووڈ اداکار جیکی شروف نے اپنے بیٹے ٹائیگر شروف کی حالیہ فلمی ناکامیوں پر کُھل کر بات کی ہے۔
جیکی شروف نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بیٹے کی ناکام فلموں سے متعلق سوال پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کامیابی اور ناکامی کسی کے قابو میں نہیں ہوتی، انسان صرف محنت کر سکتا ہے۔
جیکی شروف نے کہا کہ ’زندگی میں سب کچھ انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا، کبھی محنت کا اچھا نتیجہ ملتا ہے اور کبھی نہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر اداکار کو اپنے کیریئر میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میرا بیٹا ٹائیگر اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھتا ہے، ٹائیگر کا ماننا ہے کہ وہ ایمانداری سے اپنا کام کرے گا، باقی فیصلہ ناظرین کے ہاتھ میں ہے۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف نے 2014ء میں فلم ’ہیروپنتی‘ سے کریتی سینن کے ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، فلم کامیاب رہی اور ٹائیگر کو ایکشن ہیرو کے طور پر پہچان ملی۔
بعد ازاں ’باغی‘ سیریز اور ‘وار‘ جیسی فلموں نے بھی انہیں شہرت دلائی۔
تاہم حالیہ برسوں میں ’ہیروپنتی 2‘، ’گنپت‘، ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ اور ’باغی 4‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں، ٹائیگر کی آخری بڑی ہٹ فلم ’باغی 3‘ ہے۔
اب ٹائیگر شروف جَلد ہدایتکار راج مہتا کی فلم ’لگ جا گلے‘ میں نظر آئیں گے۔