ایک حالیہ فلم میں 14 سالہ لڑکے کا کردار ادا کرنے والے اداکار یودھویر اہلاوت نے اداکار وجے، ایشوریا رائے، جونیئر این ٹی آر اور شاہ رخ خان جیسے سپر اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یودھویر نے اس ہفتے انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس کی مقبول ترین بھارتی شخصیات کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ڈی بی ہر ہفتے بھارتی مشہور شخصیات کی ایک فہرست جاری کرتا ہے، جو اس بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے کہ ان کے پروفائلز کو انٹرنیٹ صارفین نے کتنی بار وزٹ کیا۔ عام طور پر وہ اداکار اس فہرست میں نمایاں ہوتے ہیں جن کی فلمیں سنیما یا اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز ہو رہی ہوں۔
مگر اس ہفتے آئی ایم ڈی بی انڈیا کی ٹاپ 30 فہرست میں ایک حیران کن نام سرفہرست رہا جو ایک چائلڈ ایکٹر ہے، جس نے موہن لال سمیت کئی بڑے ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا، حالانکہ یہ سب حالیہ دنوں میں خبروں میں بھی رہے۔
یودھویر اہلاوت، جو حال ہی میں فلم ’’کرتویا‘‘ میں نظر آئے تھے، اس ہفتے آئی ایم ڈی بی کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہے۔ 15 مئی کو نیٹ فلیکس کی ریلیز فلم میں اپنے معاون کردار کی وجہ سے انھیں کافی پذیرائی ملی۔ فلم میں سیف علی خان مرکزی رول میں ہیں۔
ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا اگرچہ وہ کم عمر دکھائی دیتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ نابالغ نہیں ان کی عمر 33 برس ہے۔