پی آئی اے نے 30 مئی سے اپنے بعد از حج آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 742 کے ذریعے 114 مسافر جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
پرواز کا استقبال اسلام آباد کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے کیا اور حجاج کو ہار پہنائے۔اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور پی آئی اے کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
دوسری حج پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہوگی اور لاہور پہنچے گی۔ کراچی کی پہلی حج پرواز پی کے 860، جدہ سے 31 مئی کو روانہ ہوگی اور شام 7:25 پر پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کی پروازیں آپریٹ کرے گا۔
پی آئی اے بعد از حج آپریشن میں کل 213 پروازیں آپریٹ کرے گا جن کے ذریعے سے 53 ہزار سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے۔
پی آئی اے نے حجاج کرام کی خدمت کی خاطر تمام اقدامات مکمل کرلئے ہیں اور آپریشن کی نگرانی سی ای او پی آئی اے ازخود کررہے ہیں۔