• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیا مرزا نے والدین کی علیحدگی کی وجہ بتا دی

دیا مرزا---فائل فوٹو
دیا مرزا---فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ والدین کی علیحدگی نے میری شخصیت، ذمے داری کے احساس اور زندگی کے اصولوں پر گہرا اثر ڈالا۔

44 سالہ اداکارہ ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی کی بھرپور حامی سمجھی جاتی ہیں، انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میری سوچ اور اقدار کی بنیاد میرے والد کی اصول پسندی سے جڑی ہوئی ہے۔

دیا مرزا نے کہا ہے کہ میرے والد ہر قیمت پر اپنے اصولوں پر قائم رہتے تھے اور غیر اخلاقی کام کرنے سے انکار کر دیتے تھے، چاہے مالی مشکلات ہی کیوں نہ ہوں۔

اداکارہ کے مطابق میرے والدین کی علیحدگی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ میرے والد اس بارے میں بہت مضبوط مؤقف رکھتے تھے کہ وہ کس قسم کے منصوبوں پر کام کریں گے اور کن پر نہیں۔

دیا مرزا نے بتایا کہ والدین کے درمیان ایک بڑا اختلاف اس وقت پیدا ہوا جب والد نے ایک ایسی فیکٹری میں کام کرنے سے انکار کر دیا جو اپنا صنعتی فضلہ قریبی دریا میں پھینکتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا تھا، لیکن والد نے پیسے کمانے کے بجائے اپنے اصولوں کو ترجیح دی اور غیر اخلاقی کام قبول نہیں کیا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے میری زندگی پر گہرا اثر چھوڑا اور مجھے دیانت داری، سماجی ذمے داری اور صحیح فیصلے کرنے کی اہمیت سکھائی۔

دیا مرزا نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات بالغ افراد کو ایسے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں جن کی قیمت انہیں اپنی ذاتی زندگی میں بھی چکانی پڑتی ہے، لیکن اصولوں پر قائم رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ دیا مرزا طویل عرصے سے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے سرگرم آواز سمجھی جاتی ہیں اور مختلف عالمی و سماجی مہمات کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید