فرنچ اوپن ٹینس میں ویمن ایونٹ کا ٹائٹل روس کی میرا آندریوا نے جیت لیا۔ اُنہوں نے فائنل میں پولینڈ کی مایا چولنسکا کو باآسانی مات دی۔ وہ 36 برس بعد فرنچ اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتنے والی سب سے کم عمر خاتون کھلاڑی ہیں۔
پیرس میں جاری سال کے دوسرے گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں ہفتے کو ویمن ایونٹ کا فائنل روس کی میرا آندریوا اور پولینڈ کی مایا چولنسکا کے درمیان کھیلا گیا جو یکطرفہ رہا۔
روسی کھلاڑی نے حریف کی ایک نہ چلنے دی، انہوں نے پہلا سیٹ 3 گیم ڈراپ کرکے 3-6 سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں اُنہوں نے مزید بہتر کھیل پیش کیا اور صرف 2 گیم ڈراپ کر کے 2-6 کے اسکور کے ساتھ سیٹ اور فائنل دونوں جیت لیا۔
19 سالہ آندریوا پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلم ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 36 برس بعد وہ فرنچ اوپن کا ویمن ٹائٹل جیتنے والی سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئیں۔