بالی ووڈ اداکار پرکاش راج بھی بھارت کی نئی بننے والی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت میں سامنے آگئے۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے دہلی کے جنتر منتر پر ایک بڑا احتجاج شروع کر دیا، جس میں امتحانات اور بھرتی کے ٹیسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ایک صارف کو جواب دیا جس نے یہ نوٹ کیا تھا کہ وہ دہلی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت نہیں کر سکے۔
جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے وہاں پہنچنے اور یکجہتی کے اظہار کی پوری کوشش کی، لیکن پہلے سے طے شدہ ناگزیر مصروفیات کی وجہ سے نہ آ سکا، تحریک کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی کہ کاکروچ چھا گئے۔
ہفتے کو کاکروچ جنتا پارٹی کے بینر تلے سیکڑوں مظاہرین دہلی کے جنتر منتر پر جمع ہوئے، جو امتحانات اور بھرتی کے ٹیسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس موقع پر پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے ہجوم کو پیغام دیا کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔ یہ ایک لمبی جدوجہد ہے۔ سوشل میڈیا پر ہمیں پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مہینہ ہو چکا ہے، لیکن یہ لوگ اتنے بے شرم ہیں کہ کارروائی کرنے کے بجائے ان کی توجہ دیگر ہتھکنڈوں پر رہی، جیسے کہ ہمارے اکاؤنٹس ہیک کرنا اور ہماری پوسٹس کو ڈیلیٹ کروانا۔ آپ ہماری پوسٹس تو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں مٹا نہیں سکتے۔
مظاہرین میں زیادہ تر اسکول اور کالج کے طلبہ کے ساتھ ساتھ نوجوان کی بڑی تعداد شامل تھی، جو اس تحریک میں نوجوانوں کی وسیع شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔
سماجی کارکن سونم وانگچک نے کاکروچ جنتا پارٹی کے بینر تلے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج کی پرزور حمایت کی ہے اور وہ آج جنتر منتر پر احتجاج میں موجود بھی تھے۔