وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ہر چند ماہ بعد احتجاج مناسب نہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے صورتحال بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔
سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کیا گیا، پھر بھی انہوں نے صورتحال بگاڑنے کی کوشش کی۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کے لیے نگران کمیٹی بھی تشکیل دی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کے مطالبے پر عدالت نے بھی واضح کردیا کہ یہ آئینی نشستیں قانون سازی کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹنلز کی تعمیر سمیت کوئی بھی بڑا ترقیاتی منصوبہ چند دنوں میں مکمل نہیں ہوسکتا، منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے یہ بھی کہا کہ ہر چند ماہ بعد احتجاج مناسب نہیں، قانون ہاتھ میں لینے اور معصوموں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، آزادکشمیر میں بجلی 3 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے۔