پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اس انتخابی عمل پر اعتماد تقریباً ختم ہوچکا ہے، پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، وہی جماعتیں انتخابی میدان میں موجود ہیں جنہیں عوام پہلے ہی کئی بار مسترد کرچکے ہیں۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں، کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، مسائل اور حقیقی نمائندگی کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حقیقی جمہوریت صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہر سیاسی جماعت کو مساوی مواقع میسر ہوں۔