پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کو فارم 45 فراہم نہیں کیے جا رہے، چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرکے معاملے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
نیئر بخاری نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پُرامن ماحول میں ہوئے، اب ماحول خراب نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، گلگت بلتستان میں انتخابات پُرامن ہوگئے، لیکن فارم 45 نہیں دیے جا رہے۔
نیئر بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ نتائج تبدیل کرنا چاہتے ہیں، پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 دیے جائیں۔ پریذائیڈنگ افسران کچی پنسل کے نتائج دے رہے ہیں جو غیر قانونی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ کچھ عناصر انتخابات کو داغدار کرنا چاہتے ہیں۔