کراچی (اسٹاف رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں دورہ یورپ کےلئے قومی انڈر21 ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں تربیت کا آغاز بدھ سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ہیڈ کوچ کیمپ کمانڈنٹ طاہر زمان کے مطابق کھلاڑی منگل کی رات تک اپنی رپورٹ مکمل کر لیں گے ۔ مختصر دورانیہ کے تربیتی کیمپ میں صبح و شام دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ ہوگی۔ کھلاڑی نائن اے سائڈ ٹورنامنٹ کھیل کر آرہے ہیں اور ان کی فٹنس اور پنلٹی کارنرز کے شعبہ پر زیادہ زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی جونیئر انڈر 21 ٹیم 22 اگست سے 2 ستمبر تک یورپ کا دورہ کرے گی۔ جرمنی کے دورہ میں جو خامیاں سامنے آئی ہیں انہیں کیمپ میں دور کیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ اسپین میں قومی انڈر 21 ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، ہالینڈ میں قومی جونیئر ٹیم ڈچ پریمیئر ڈویژن سمیت دیگر ٹاپ ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم نے دورہ یورپ کے دوران 2 ستمبر سے 10 ستمبر تک فرانس کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کے خلاف میچز کھیلنا تھے جو کہ ان کی مصروفیت کی وجہ سے نہیں ہوسکیں گے اسلئے ٹیم کا دورہ مختصر کردیا گیا ہے۔ ٹیم کا دورہ یورپ کا پہلا شیڈول 22 اگست سے 12 ستمبر تھا لیکن اب اسے مختصر کرکے 22 اگست سے 2 ستمبر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کےلئے اعلان کردہ 31کھلاڑیوں میں چھ گول کیپرز علی رضا، طلال خالد، عثمان غنی، منیر الرحمان، رمان خان، حافظ علی عمیر، 7 ہاف بیکس میں ابوبکر محمود، فیضان، جنید کمال، ایم عثمان، محمد قاسم، تنظیم الحسن، عماد شکیل بٹ، چار فل بیکس میں عاطف مشتاق، حسن انور، مبشر علی اور زاہد اللہ شامل ہیں۔ 14 فارورڈز میں شان ارشد، اظفر یعقوب، محمد دلبر، محمد عتیق، بلال قادر، محسن صابر، رانا سہیل ریاض، سمیع اللہ، محمد رضوان، محمد نوید، بلال محمود، فہد اللہ، عامر علی اور عمیر حامدی شامل ہیں۔