سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ نے پاکستان ایمبسیڈر ہاکی کپ 2026 کا شاندار انعقاد کیا، اس سپورٹس فیسٹیول میں پاکستانیوں اور مقامی ڈچ شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے کوآرڈی نیٹر پیر طاہر شاہ اقرار تھے۔
اس موقعہ پر کبڈی، ہاکی کے میچ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوۓ۔ دوستانہ کبڈی میچ ایمسٹرڈیم اور دی ہیگ کی ٹیموں کے درمیان ہوا جبکہ ہاکی کامیچ پاک ڈچ کمیونٹی اور ڈچ کمیونٹی کے درمیان کھیلا گیا۔
اسی طرح رسہ کشی کا بھی کانٹے دار مقابلہ ہوا جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوۓ۔ سفیر پاکستان سید حیدر شاہ جب گراؤنڈ پہنچے تو منتظمین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
سفیر پاکستان نے کھلاڑیوں اور اسپانسرز کو تحائف سے نوازا اور خطاب کرتے کہا کہ نیدرلینڈز اور پاکستان کے درمیان دیرینہ ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں جن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، انھوں نے تمام ٹیموں کو شاندار کھیل پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر نظامت کے فرائض سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ کے فرسٹ سیکریٹری جنید احمد نے بڑی عمدگی سے ادا کیے۔ تقریب میں کمرشل قونصلر محمد شفیق ورک اور دیگر متعدد ڈچ اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اسپانسرز میں فیصل منظور، عظیم راجہ اور طاہر بٹ تھے، اس موقع پر سفیر پاکستان نے ہالینڈ میں پاکستان کے سینئیر صحافی راجہ فاروق حیدر کو بھی ان کی صحافتی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا۔