وزیرِاعظم شہباز شریف نے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے شاندار کھیل، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا باضابطہ بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی فٹبال ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ کامیابیاں سمیٹتے ہوئے ملک کا پرچم بلند رکھے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گرین شرٹس نے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فٹبالرز نے میدان میں شاندار کھیل اور غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی، طویل عرصے بعد پہلا انٹرنیشنل فٹبال ٹائٹل جیتنا پاکستان فٹبال کے نئے دور کا آغاز ہے ۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فٹبال ٹیم کی تاریخی فتح ہر اسپورٹس مین کے لیے باعثِ تقلید اور حوصلہ افزاء ہے۔