• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل کونسل کا ججوں کے ضابطہ اخلاق میں بعض ترامیم کا فیصلہ، اعلامیہ

 
فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی 

سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس میں ججوں کے ضابطہ اخلاق میں بعض ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل اور  قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس ہوئے، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق کونسل نے کونسل کا طریقہ کار اور ضابطہ کار کو ریگولیٹ کرنے والے مسودہ قواعد پر بھی غور کیا، کونسل نے اس معاملے کو مزید غور و خوض کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

ادارہ جاتی احتساب اور شفافیت کیلئے کونسل نے اپنے ہی کچھ ارکان کے خلاف شکایات کا جائزہ لیا، تشکیل نو کے بعد کونسل کے اجلاس میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے 10 شکایات نمٹا دیں۔

قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی اجلاس میں لاہور، پشاور، سندھ اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے نمائندہ ججز نے شرکت کی، سیکریٹری قانون اور چیئرمین ایچ سی سی کی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے ادارہ جاتی استعداد کار، مؤثر فراہمی انصاف مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سیکریٹری قانون نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کے مقدمات کیلئے علیحدہ کمیشن قائم کرنے پر متفق ہے، مجوزہ کمیشن جسٹس (ر) منظور اے ملک اور چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس رابعہ جویری آغا پر مشتمل ہوگا۔

کمیشن گرفتار افراد کو 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کرنے سے متعلق قانونی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے مجوزہ کمیشن کے قواعد کار آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، ضلعی عدالتوں نے یکم ستمبر 2025 سے 31 مئی 2026 تک 13  لاکھ 19 ہزار 390 مقدمات نمٹا دیے، لاہور ہائیکورٹ کے ماتحت ضلعی عدالتوں نے سب سے زیادہ 10 لاکھ 65 ہزار 375 مقدمات نمٹائے۔

پشاور ہائیکورٹ کے ماتحت ضلعی عدالتوں نے ایک لاکھ 23 ہزار51، سندھ ہائیکورٹ کے ماتحت ضلعی عدالتوں نے 87 ہزار 219، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ماتحت ضلعی عدالتوں نے27 ہزار 465 اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ماتحت ضلعی عدالتوں نے 16 ہزار 280 مقدمات نمٹائے۔

اعلامیہ کے مطابق ماڈل سول کورٹس نے 16 مارچ سے31 مئی 2026 تک 8 ہزار 526، ماڈل کرمنل کورٹس نے 16 مارچ سے31 مئی 2026 تک16 ہزار 566 مقدمات نمٹائے۔

بینکاری مقدمات کے فوری اور کم خرچ فیصلوں کیلئے اہم انتظامی اقدامات کی منظوری دی گئی، زیرِ التوا مقدمات میں کمی کیلئے ضرورت کے مطابق اضافی بینکنگ کورٹس کے قیام پر غور کیا جائے گا۔

بینکنگ کورٹس کو حکم امتناع سے متعلق قانونی دفعات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، غیر سنجیدہ مقدمہ بازی روکنے کیلئے اخراجات سے متعلق قانونی دفعات کے مؤثر اطلاق پر زور دیا گیا۔

کمیٹی نے ضلعی عدلیہ میں 6 روزہ ورکنگ ویک بحال کرنے کی منظوری دے دی، ضلعی عدلیہ میں جوڈیشل افسران کی خالی آسامیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، بہترین کارکردگی دکھانے والے جوڈیشل افسران کو تعریفی اسناد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے بائیو میٹرک تصدیق کا مضبوط نظام وضع کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کو سراہا، بائیو میٹرک تصدیق سے متعلق ایس او پیز دیگر ہائیکورٹس سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید