خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن شاہ تراب نے کہا ہے کہ حالات اس حد تک آگئے ہیں کہ بیوروکریسی حکومت کو سنجیدہ نہیں لے رہی۔ موجودہ قیادت میں بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے شاہ تراب نے کہا کہ جب تک آپ سنجیدہ نہیں ہوں گے تو بیوروکریسی بھی آپ کو سنجیدہ نہیں لے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں نہ تو ڈاکٹر موجود ہیں اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں، صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں۔
حکومتی رکن شاہ تراب کے مطابق کیا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوئی جرگہ نہیں بن سکتا، موجودہ قیادت میں بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے اگر بانی پی ٹی آئی رہا ہوگئے تو ان کی لوٹ مار کی دکانیں بند ہوجائیں گی، بانی نے آپ لوگوں کو زمین سے اٹھا کر ایوانوں تک پہنچایا، تین ماہ سے کوئی احتجاج نہیں ہوا، بیٹھ جاؤ اور ڈائیلاگ کرلو۔