بلاک بسٹر فلم 'لگان' کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی لُک کے باعث سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
تقریب میں سلمان خان انتہائی چھوٹے بالوں اور مکمل سیاہ لباس کے ساتھ بالکل نئے انداز میں نظر آئے، جسے مداحوں اور میڈیا کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئی ہیں کہ آیا سلمان خان کا یہ نیا لُک ان کی کسی آنے والی فلم کے لیے ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
اس موقع پر سلمان خان نے عامر خان اور کرینہ کپور کے ہمراہ پاپارازیز کے سامنے پوز دیے۔ کرینہ کپور نے سلمان خان کو گلے لگایا اور ان کے نئے لک کی تعریف بھی کی۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر اشوتوش گوواریکر کی شاہکار فلم 'لگان' کے 25 سال مکمل ہونے کی خوشی میں اسے دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز کیا جا رہا ہے، جس کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ 2001 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر سپر ہٹ رہی بلکہ اسے اکیڈمی ایوارڈز میں 'بہترین غیر ملکی زبان کی فلم' کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ فلم 'لگان' نے 49ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں 'بہترین پاپولر فلم' سمیت 8 مختلف اعزازات اپنے نام کیے تھے۔